لندن (این این آئی )برطانیہ نے شامی صدربشارالاسد کے چھے قریبی ساتھیوں پر پابندیاں عاید کردی ہیں۔ان میں شامی وزیر خارجہ فیصل مقداد بھی شامل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیرخارجہ ڈومینک راب نے ایک بیان میں کہا کہ اسد نظام نے گذشتہ ایک عشرے سے شامی عوام کو اپنی سفاکیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ان کا محض قصور یہ تھا کہ وہ پرامن احتجاجی مظاہروں میں سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ ہم اسد نظام کے مزید چھے افراد کو شہریوں کے خلاف تھوک کے حساب سے حملوں پر قابل احتساب ٹھہرا رہے ہیں حالانکہ ان شہریوں کا تحفظ ان شامی عہدے داروں کی ذمے داری تھی۔برطانیہ نے جن شامی عہدے داروں پر پابندیاں عاید کی ہیں،ان میں وزیرخارجہ فیصل مقداد، صدر بشارالاسد کی مشیر لونا الشبل ، ان کے مالی معاون یاسرابراہیم ،کاروباری شخصیت محمد برا القطریجی ،شامی ری پبلکن گارڈ کے کمانڈر ملک علیا اور آرمی میجر زید صلاح شامل ہیں۔