پاکستانی فلموں کی نمائش کیلئے غیر ملکی مارکیٹس تلاش کرنی چاہئیں’مائرہ خان

0
263

لاہور( این این آئی)نامور اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں کی نمائش کیلئے غیر ملکی مارکیٹس تلاش کرنی چاہئیں، جب ہم اس جانب پیشرفت کریں گے تو لا محالہ فلم کا معیار بھی مزید بہتر ہوگا،ایک دوسرے کونیچا دکھانے کی بجائے اتحاد کی پالیسی اپنائی جائے تو ہم یقینی طو رپر کامیابیاںسمیٹ سکتے ہیں۔ ایک انٹر ویو میں مائرہ خان نے کہا کہ پاکستان نے ایسی فلمیں بنائی ہیںجنہیں ہم دوسرے ممالک میںنمائش کے لئے پیش کر سکتے تھے لیکن پیشرفت نہیں کی گئی ۔ اگران فلموںکو ان ممالک کی مقامی زبانوںمیں پیش کرنے کے لئے اقدامات کئے جا تے تو یہ سونے پر سہاگہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی ، فروغ اورمارکیٹنگ کے لئے ہمیں بیرون ملک اپنے سفارتخانوں سے مدد لینی چاہیے اور اس کیلئے انہیں ٹاسک سونپا جائے ۔ مائرہ خان نے کہا کہ ہمیں ایسی فلمیں بنانے کی ضرورت ہے جس میں ہم دنیا کو یہ بتا سکیں کہ پاکستان دنیا کی مشکلات کاباعث نہیںبلکہ ہم دہشتگردی کا شکارہیں اور ہماری قوم اس کیلئے بے پناہ قربانیاں دے رہی ہے۔