وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا

0
290

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔واضح رہے کہ 18 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی تھی کہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔خیال رہے کہ گزشتہ وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ملاکنڈ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ایک نئے تعلیمی بلاک کا افتتاح کیا اور طلبہ سے خطاب کیا تھا۔علاوہ ازیں انہوں نے سوات موٹر وے کا بھی دورہ کیا تھا اور سوات ایکسپریس وے سرنگ کا افتتاح کیا تھا۔وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹوئٹر پر وفاقی وزرا سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے پیغامات جاری کئے گئے جن میں میں وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل نے بھی ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان کے مثبت کورونا ٹیسٹ سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا کرونا کا ٹیسٹ کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ براہ مہربانی اس کو کورو ویکسین کے ساتھ منسلک مت کریں کیونکہ ویکسین لگنے کے کچھ ہفتے کے بعد قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔شبہاز گل نے بتایا کہ عمران خان میں کورونا وائرس کی علامات شدید نہیں ہیں، بہت ہلکی سی کھانسی اور ہلکا سا بخار ہے۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیر اعظم کی صحت کے لیے دعائیہ کلمات کہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور شہریوں پر بھی تاکید کی کہ وہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے تناظر میں محتاط کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں حالیہ اضافے کی شرح تشویشناک ہے اور ہم سب کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔خیبر پختونخواہ کے وزیر صحت اور وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں اور اس ملک کو آپ کی ضرورت ہے۔