بھارتی حکومت نے جموںوکشمیر کے وسائل کو برائے فروخت پرڈال دیا ہے’ محبوبہ مفتی

0
362

جموں(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے علاقے کے وسائل کو برائے فروخت پر ڈال دیا ہے اور اس کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے وادی چناب کے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہماری معیشت کو تباہ کرنے کے لئے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بجلی کے شعبے سے لے کرریت نکالنے کے شعبے تک سب کچھ نیلام کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس انتظامی جبر نے پہلے ہی اپنے اثرات دکھانا شروع کردیے ہیںجبکہ کرفیوز اور لاک ڈائونز کی وجہ سے معیشت کو شدید نقصان پہنچاہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی چناب کو بھارتی حکومت کی سودا بازی کے بدترین اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہاں تک کہ بجلی کے منصوبے بھی جن کو جموں و کشمیر اپنے ہاتھ میں لے سکتا تھا ، اب بھارتی کمپنی این ایچ پی سی کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبے تعمیرکرنے والی کمپنیاں ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح مقامی آبادی کے حقوق کو نظر انداز کر رہی ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ ان منصوبوں میں مقامی افراد کو روزگار نہیں دیا جارہا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مقامی ٹھیکیداروں کو بہت کم کام دیا جارہا ہے جبکہ مزدوروں کو قوانین کے تحت مقرر کردہ مراعات نہیں دی جارہی ہیں۔