ایمان کی طاقت کے سامنے کوئی بھی ہتھیار کار گر ثابت نہیں ہو سکتا’شاہ غلام قادر

0
345

مظفرآباد (این این آئی)شاہ غلام قادر سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر نے یوم شہدائے کشمیر کے حوالہ سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 13جولائی آج کا دن ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب 1931ء میں برطانوی دور حکومت میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوںکے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو پابند سلاسل کیا گیا اور سرینگر کی سنٹرل جیل میں ان کا ٹرائل جاری تھا۔ سنٹرل جیل کے باہر کشمیریوں کی بڑی تعداد سراپہء احتجاج تھی،اس دوران اذان کا وقت ہوا تو مظاہرین نے اذان بلند آواز شروع کی۔ڈوگرہ حکمرانوںکے ظالم محافظوں نے مظاہرین پر فائرنگ شروع کر دی۔اس سے اذان دینے والا شہید ہو گیا اُس کے پیش رو نے اذان کا سلسلہ جاری رکھا اوراذان کی تکمیل تک 22فرذندان اسلام نے جام شہادت نوش کیا۔اس ایمان افروز واقعہ نے پوری ریاست کشمیر میں شدید آگ بھڑکا دی اور آزاد ی کی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔شاہ غلام قادر سپیکر اسمبلی نے مزید کہا کہ اُس وقت سے آج تک کشمیریوں نے ظُلم کے سامنے جُھکنے کی بجائے سیسہ پلائی دیوار بنتے ہوئے ثابت کیا کہ ایمان کی طاقت کے سامنے کوئی بھی ہتھیار کار گر ثابت نہیں ہو سکتا۔مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارتی دہشت گرد افوج جو کہ جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہیں ، کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں۔انشاء اللہ غیور کشمیریوں کی قُربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور اُن کی آزاد ی کا خواب جلد شرمندہ ء تعبیر ہو گا۔