برطانوی عدالت کا نیب کو 12 لاکھ ڈالر براڈشیٹ کو ادا کرنے کا حکم

0
221

لندن (این این آئی)لندن کی ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو(نیب)اور حکومت پاکستان کو اثاثہ برآمدگی فرم براڈشیٹ ایل ایل سی کو آئندہ ہفتے تک 12 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے نیب اور پاکستانی حکومت کو 12 لاکھ 22 ہزار 37 ڈالر اور 110 پائونڈز کے ساتھ ساتھ نیب کے وکیل کو دعویدار کی درخواست کی لاگت کے 26 ہزار 296 پائونڈ 10 اگست کی شام ساڑھے 4 بجے تک ادا کرنے کا حکم دیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ نیب کی وکالت فرم ایلین اینڈ اووری حکومت پاکستان سے موصول ہونے والے فنڈز 13 اگست کی شام تک براڈشیٹ کی وکالت فرم ایل ایل سی سولیسٹرز کروویل اینڈ مورنگ کو ادا کرے گی۔فیصلے میں کہا گیا کہ اگر حکومت پاکستان اور نیب نے اپنے وکلا کو براڈشیٹ کو ادائیگی کے لیے رقم فراہم نہ کی تو براڈ شیٹ کین وکیل یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل یو کے)کو نوٹیفائی کرے گی اور پھر بینک اس رقم کی ادائیگی کرے گا۔ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں تھرڈ پارٹی ڈیٹ آرڈر لاگو ہوجائے گا جو کریڈیٹر کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جس کے پاس بھی رقم ہے اس سے لے لے۔نیب کی جانب سے وکلا نے 12 لاکھ 22 ہزار 37 ڈالر اور 110 پائونڈز ادا کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا لیکن براڈ شیٹ کی جانب سے 33 ہزار پائونڈ سود اور 35 ہزار پائونڈ کے قانونی اخراجات ادا کرنے کی مخالفت کی۔چنانچہ عدالت نے حکم دیا کہ 12 لاکھ ڈالر اور 110 پائونڈ کی ادائیگی کے ساتھ نیب اور حکومت پاکستان براڈ کو 26 ہزار 296 پائونڈز بھی ادا کریں گے