پاکستان کو پولیو سے نجات دلانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،عمران خان

0
209

اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان کو پولیو سے نجات دلانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پولیو پر قابو پانے کے لیے صوبائی چیف سیکرٹریز اور 22 ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ورچوئل اجلاس کی صدارت کی۔ ان اضلاع میں پنجاب کے 3 اضلاع (لاہور ، راولپنڈی اور فیصل آباد)، سندھ کے 8 اضلاع (کراچی ڈویڑن کے تمام اضلاع اور قمبر)، خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع (خیبر ، بنوں ، پشاور، لکی مروت اور جنوبی وزیرستان)، بلوچستان کے 5 اضلاع (کوئٹہ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، ڑوب اورمستونگ) اور اسلام آباد شامل ہیں۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں ملک بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ مزید یہ بات بھی قابل اطمینان ہے کہ 2021 میں صرف 14 فیصد ماحولیاتی نمونے مثبت پائے گئے جو گزشتہ سال 56 فیصد تھے۔ اس لیے فی الحال ہمارے پاس ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ایک نادر موقع ہے، اگلے 6 سے 12 ماہ اس حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔ وزیر اعظم نے تمام ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کو پولیو کی عفریت سے نجات دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے وائرس سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے۔