شاہ محمود قریشی کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ ، افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

0
259

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزیر خارجہ نے او آئی سی کی جانب سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پر امن افغانستان، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ افغان قائدین، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے، اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ۔وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے آگاہ کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا