ویانا جوہری مذاکرات کی بحالی ایران پر منحصرہے،امریکا

0
210

واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے کہاہے کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کے لیے آمادہ ہونے کے ساتھ ہی پوری طرح تیار بھی ہے۔ سفارت کاری کا راستہ اب بھی کھلا ہے تاہم اس کے آغاز کا انحصار ایرانیوں پر ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اس حوالے سے کہا کہ سفارت کاری کا راستہ اب بھی کھلا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے تو بہت واضح کر دیا ہے کہ ہم تیار ہیں، آمادہ ہیں اور جیسے ہی ہمارے ساتھ بات چیت کے لیے دوسرا فریق آتا ہے، ہم ویانا واپس آ سکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ویانا میں اس سے قبل چھ دور کی بات چیت ہو چکی ہے اور امریکا چاہتا ہے کہ اس کے ساتویں دور کا آغاز جلد از جلد ہو سکے۔ ہمیں امید ہے کہ بہت جلد،ان کی جلدی کی تعریف ہماری جلدی کی تعریف سے مماثل ہو جائے گی۔ ہم تو چاہتے ہیں کہ مذاکرات دوبارہ شروع ہوں۔نیڈ پرائس کا مزید کہنا تھاکہ بہت ضروری ہے کہ فریقین بات چیت جاری رکھنے کے لیے ایک ساتھ واپس آئیں، تاکہ ہم نے جہاں چھٹے دور کو چھوڑا تھا وہیں سے ساتویں دور کا آغاز اس بنیاد پر کر سکیں کہ ہم نے اب تک کیا حاصل کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمیں اس بات پر پختہ یقین کہ ہمیں اس پر تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ دیکھنے کے لیے کہ کیا ہم باہمی طور پر اس میں واپسی کو حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں لچک اور بہت زیادہ رفتار کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ہم یہ ثابت کر سکیں کہ اس کے تئیں ہم مخلص اور ثابت قدم رہے ہیں۔