30 فی صد سوڈانیوں کواگلے سال انسانی امدادکی ضرورت ہوگی،اقوام متحدہ

0
216

نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان کی 30 فی صد آبادی کو اگلے سال انسانی امداد کی ضرورت ہوگی اور یہ شرح گذشتہ ایک عشرے میں سب سے زیادہ ہے۔سوڈان کا معاشی بحران ، کووِڈ کی وبا، سیلاب اور بیماریاں اس صورت حال کی ذمہ دارہیں ۔ایک اورحقیقت یہ ہے کہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں سے ایک سوڈان اس وقت لاکھوں پناہ گزینوں اور اندرونی طور پر بے گھر افراد(آئی ڈی پیز)کی میزبانی بھی کررہاہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (او سی ایچ اے)نے کہا کہ سوڈان کی کل چارکروڑ 79 لاکھ آبادی میں سے ایک کروڑ43 لاکھ افراد کو اگلے سال انسانی امداد کی ضرورت ہوگی۔ان میں شہری اور پناہ گزین دونوں شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال کے مقابلے میں یہ تعداد قریبا آٹھ لاکھ زیادہ ہے اور 2022 میں سوڈان میں ضرورت مند افراد کی تعداد گذشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ ہوگی۔اس مفلوک الحال آبادی میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔