ایران جوہری مذاکرات جاری رکھنے کو تیار

0
219

تہران (این این آئی)ایران نے جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے گذشتہ ہفتے پیش کی گئی تجاویز کے مسودے کی بنیاد پر مغربی طاقتوں پر ویانا میں مذاکرات روکنے کا الزام عاید کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے تہران میں نیوزکانفرنس میں کہا کہ ہماری تحریریں مکمل طور پر قابل مفاہمت ہیں جبکہ دوسرے فریق محض الزام تراشی کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں۔خطیب زادہ نے مزید کہا کہ ہم فطری طور پر ان تحریروں کے بارے میں دوسرے فریق کی رائے سننے کے منتظر ہیں اور یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کیا ان کے پاس تحریری طور پرہمارے لیے کوئی حقیقی (جوابی)پیش کش ہے۔خطیب زادہ نے مذاکرات کے حوالے سے توقع ظاہرکی کہ وہ ہفتے کے آخرمیں دوبارہ شروع ہوں گے۔ان میں 2015 میں طے شدہ تاریخی جوہری سمجھوتے کی بحالی کے لیے طرفین کی شرائط پر غور کیا جارہا ہے۔ابتدائی طور پر ایران کا برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی، روس اور امریکا کے ساتھ یہ سمجھوتا طے پایا تھا۔ اس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام پر پابندیاں عاید کرنا تھاتاکہ وہ جوہری ہتھیار تیارنہ کرسکے۔