اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کر کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، ترجمان وزارت خارجہ عاصم افتخار و دیگر سینیر افسران وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ،وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو پارلیمنٹ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،وزیر خارجہ نے کانفرنس ہال، وفود کی سہولت کیلئے بنائے گئے کاؤنٹرز، میڈیکل سینٹر، میڈیا سینٹر اور مختلف میٹنگ رومز ملاحظہ کیے،وزیر خارجہ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی ین کہاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کو بہت بڑا اعزاز سمجھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر مہمان وزرائے خارجہ و دیگر وفود کی سہولت کیلئے ہر ممکن انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ میں اعلیٰ حکام کی بیٹھک ہو گی جس میں ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی، امید ہے کہ افغانستان کی انسانی صورتحال کے تناظر میں منعقد ہونیوالے اس غیر معمولی وزرائے خارجہ اجلاس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔