ہم اس وقت پی ڈی ایم میں نہیں،جوسیاسی و جمہوری آپشنز ہیںاپوزیشن کو ان پر جانا چاہیے’ راجہ پرویز اشرف

0
256

لاہور( این این آئی )پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ شاید ہی کوئی طبقہ ہو جو آج سراپا احتجاج نہ ہو، مہنگائی سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے حتی کہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کسان آج سراپا احتجاج ہیں،ہم اس وقت پی ڈی ایم میں نہیں،27دسمبر کو بینظیر شہید کی برسی میں دیگر پارٹی رہنمائوں کو دعوت نہیں دی،جو سیاسی و جمہوری آپشنز ہیںاپوزیشن کو ان پر جانا چاہیے۔وہ ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک غذائی بحران کا شکار ہو چکا ہے،حکومت ہر روز بلا جواز بجلی اورگیس کی قیمتیں بڑھا رہی ہے،بجلی،ڈیزل اور کھاد مہنگی ہو گی تو کسان کیسے زندہ رہے گا ،پیپلز پارٹی یہاں فوڈ سکیورٹی چھوڑ کر گئی تھی وہ کہاں گئی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر کے کسان اپنے مطالبات منوانے کے لئے لاہور پہنچ رہے ہیں،حکومتی پالیسیوں کے باعث کسانوں میں بے چینی پھیل رہی ہے،بجلی ،ڈیزل اورکھاد مہنگی ہے،1768روپے والی بوری اڑھائی سے تین ہزار میں مل رہی ہے ،بدقسمتی سے زراعت کی پیداوار 21.3سے گر کر 19.5پر آ چکی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے مگر حکومت چین کی بانسری بجا رہی ہے،ملکی آبادی بڑھ رہی ہے ،ہمیں گندم،کپاس کی زیادہ پیداوار کی ضرورت ہے،ہمارے کسان کی حالت خراب کر دی گئی ہے، ہم کب تک درآمدات کرینگے۔