جرمن وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون،دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال

0
343

اسلام آباد (این این آئی)جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا جس میں دونوں وزراء نے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے اپنی جرمن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جرمنی پاکستان کا قابل قدر، دیرینہ شراکت دار ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان جرمنی کیساتھ تمام جہتوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کی کوششوں کے ضمن میں پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے افغانستان سے انخلاء کے عمل میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت سے جرمن ہم منصب کو آگاہ کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے اب تک 90 ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے محفوظ انخلاء میں سہولت فراہم کی ہے۔انہوںنے کہاکہ افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران اور اقتصادی ابتری کا تدارک نہ کیا گیا تو اس کے شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔دونوں وزرائے خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے جرمن ہم منصب کو بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کی غیر قانونی، یکطرفہ کارروائی کے بعد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے افغانستان سے انخلاء کے عمل میں پاکستان کی مدد کو سراہا اور اس سلسلے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کی توقع ظاہر کی۔وزیر خارجہ نے جرمن وزیر خارجہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جرمنی کے مابین دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا