او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میڈیا حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی

0
238

اسلام آباد (این این آئی) او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میڈیا حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی اس حوالے سے وزارتِ خارجہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوااجلاس کی صدارت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مشترکہ طور پر کی ۔اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات محترمہ شاہیرہ شاہد، اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار، پی آئی او سہیل علی خان، ڈی جی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان، ایم ڈی اے پی پی، مبشر حسن، ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور سمیت وزارتِ خارجہ و اطلاعات کے سینیئر افسران نے شرکت کی ۔وزیر خارجہ کو 22،23 مارچ کو اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میڈیا حکمت عملی، اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات و انتظامات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے حوالے سے مرتب کی گئی جامع میڈیا اسٹریٹجی کو سراہا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے بعد، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں باقاعدہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے انتہائی قابل فخر اور باعث اعزاز ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انعقاد سے جہاں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کا ایک سنہری موقع میسر آئے گا،وہاں پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز ہو گا۔