ڈپٹی اسپیکر اور عمران حکومت نے آئین اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا،متحدہ اپوزیشن

0
315

اسلام آباد (این این آئی) متحدہ اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور عمران نیازی حکومت کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کو آئین شکنی کے ذریعے مسترد کرنے اور رائے شماری نہ ہونے دینے کو آئین اور پارلیمنٹ پر برترین حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پر حملہ کرنے کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مثالی سزا دی جائے،آئین پاکستان 22 کروڑ عوام کی امنگوں کا ترجمان اور پاکستان کے وفاق کی بقاء کا ضامن ہے،پاکستان کے وفاقی پارلیمانی نظام کا تحفظ کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گی، ڈپٹی سپیکر کی غیر آئینی رولنگ جمہوری نظام کی بنیاد پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ،پنجاب میں جس طرح جمہوری مینڈیٹ کو روندا جا رہا ہے، یہ وفاق پاکستان کیلئے انتہائی خطرناک روش اور اقدام ہے، نیشنل سکیورٹی کونسل اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کرے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی قیادت کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس نے قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور عمران نیازی حکومت کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کو آئین شکنی کے ذریعے مسترد کرنے اور رائے شماری نہ ہونے دینے کو آئین اور پارلیمنٹ پر برترین حملہ قرار دیا۔ اعلامیہ کے مطابق آئین پاکستان 22 کروڑ عوام کی امنگوں کا ترجمان اور پاکستان کے وفاق کی بقاء کا ضامن ہے، متحدہ اپوزیشن کی جماعتیں اپنا یہ عزم دوہراتی ہیں کہ پاکستان کے وفاقی پارلیمانی نظام کا تحفظ کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گی، ڈپٹی سپیکر کی غیر آئینی رولنگ جمہوری نظام کی بنیاد پر حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، یہ ملک میں صدارتی نظام نافذ کرنے اور ڈکٹیٹر شپ مسلط کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس غیر آئینی اقدام کی فی الفور تنسیخ کی جائے۔انہوںنے کہاکہ آئین پر حملہ کرنے کے ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں مثالی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے۔متحدہ اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں سپیکر کے غیر آئینی رویہ کی مذمت کی اور پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں جس طرح جمہوری مینڈیٹ کو روندا جا رہا ہے، یہ وفاق پاکستان کے لئے انتہائی خطرناک روش اور اقدام ہے۔ عمران حکومت کی طرف سے مسلسل فیک بیرونی سازش کی تھیوری کی تائید میں نیشنل سکیورٹی کونسل کی حمایت کا تاثر انتہائی تشویشناک ہے