وزیرعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا

0
216

اسلام آباد (این این آئی)وزیرعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کرتے ہوئے رمضان میں مفت سروس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج ہے، سابق حکومت کو غریب سے کوئی غرض نہیں تھی، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں پر چل رہے ہیں،میرے وزیراعظم بننے سے سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ تو ہو گی ،عوام کی گھبراہٹ اب ختم ہو گئی ہے، اب ہم ساری جماعتیں دن رات محنت اور لگن سے عوامی فلاح کے لیے کام کرینگی ،قوم سے کبھی بھی غلط بیانی نہیں کروں گا۔ پیر کو وزیرعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے دوسرے میٹرو منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس منصوبے میں چین اور ترکی کی شرکت پر مشکور ہوں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ وسیع تر اقتصادی تعاون پر چین کی قیادت کے مشکور ہیں،ہم ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کے بھی شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ رمضان المبارک میں میٹرو بس سروس مفت فراہم کی جا رہی ہے،ترکی ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ منصوبہ 4سال تعطل کا شکار رہا،یہ منصوبہ اسلام آباد اور قرب و جوار کے افراد کے لئے محمد نواز شریف کا تحفہ تھا۔ انہوںنے کہاکہ اس منصوبے نے 2018میں مکمل ہونا تھا لیکن یہ بھی دیگر منصوبوں کی طرح التواء میں ڈال دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ دفاعی اخراجات ہمیشہ قومی آمدن سے پورے کیے جاتے رہے،بدقسمتی سے پی ٹی آئی دور میں دفاعی اخراجات کے لئے بھی قرض لیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پی ٹی آئی کے 4سالہ دور میں میٹروبس منصوبے کا نقشہ اور حلیہ بگاڑ دیا گیا،تعطل کی وجہ سے منصوبے کو 4ارب سے زائد کا نقصان ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیوں میں گھومنے والوں کو کیا احساس کہ غریب عوام کیسے سفر کرتی ہے،ان لوگوں کو غریب عوام کا احساس ہوتا تو منصوبہ 4سال نہیں 4گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا۔انہوںنے کہاکہ قوم سے کبھی بھی غلط بیانی نہیں کروں گا۔