وزیراعظم شہبازشریف کاسعودی عرب کا تین روزہ سرکاری دورہ ،سعودی قیادت سے ملاقاتیں کرینگے

0
310

اسلام آباد (این این آئی)ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہبازشریف جمعرات سے سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورہ کرینگے ،منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا،دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری جیسے تعلقات کو فروغ دینے پر بات ہوگی ، وزیراعظم سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے،دونوں فریقین باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں،پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔