اقوام متحدہ نے جرمن سفارت کار کو افغانستان کا نائب سفیر نامزد کر دیا

0
267

نیویارک(این این آئی)مارکوس پوٹزیل افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے نئے نائب نمائندہ ہوں گے۔ وہ سن 2014 سے 2016 کے درمیان کابل میں جرمنی کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا کہ مارکوس پوٹزیل یواین افغانستان مشن (یو این اے ایم اے)کے انچارج کی خدمات بھی انجام دیں گے۔منجھے ہوئے سفارت کار پوٹزیل اس سے قبل سن 2014 سے 2016 کے درمیان کابل میں جرمن سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔پوٹزیل کے نام کا اعلان افغانستان میں اقوام متحدہ کی اعلی نمائندہ ڈیبورہ لائیونز کی مدت کار ختم ہوجانے کے بعد کیا گیا ہے۔لائیونز نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ جب میں نے یہ ذمہ داری قبول کی تھی تو میں نے اس افغانستان کا تصور نہیں کیا تھا جسے میں اب چھوڑ کر جارہی ہوں۔انہوں نے مزید کہاکہ میرا دل ایسی افغان لڑکیوں اور خواتین کے لیے مجروح ہے، جنہیں طالبان کے فرمان کی وجہ سے اسکولوں اور دفاتر سے دور رکھا گیا ہے۔لائیونز کے بقول افغانستان میں میری بہنیں اس وقت جن حالات میں جی رہی ہیں ایسے میں انہیں چھوڑ کر جانا،ایک خاتون کی حیثیت سے میرے لیے بہت زیادہ تکلیف دہ ہے۔