مدھو بالا کی زندگی پر بایو پک بناکر انھیں یادوں میں زندہ رکھنا چاہتے ہیں، بہن مدھر بھوشن

0
242

ممبئی (این این آئی)برصغیر کی فلمی تاریخ کی حسین ترین اور عہد ساز اداکارہ مدھو بالا (ممتاز جہاں بیگم دہلوی) کی بہن مدھر بھوشن نے کہا ہے کہ مدھوبالا کی حالات زندگی پر بنائی جانے والی فلم (بایوپک) میں ان کے کشور کمار یا دلیپ کمار سے تعلقات یا ہم عصری کے بارے میں گفتگو نہیں ہوگی۔اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں مدھر بھوشن نے کہا کہ مدھوبالا کے دلیپ کمار (مرحوم یوسف خان) کے ساتھ ایک عدالتی تنازع کے سامنے آنے سے قبل کئی سال تک تعلقات رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدھوبالا نے 1960 میں کشور کمار سے شادی کی جو ان کی موت 23 فروری 1969 تک قائم رہی، تاہم ہمارے خاندان نے ہمیشہ کشور کمار پر یہ الزام عائد کیا کہ انہوں نے مدھو بالا کو ان کی زندگی کے آخری اور مشکل دنوں میں تنہا چھوڑ دیا تھا۔ واضح رہے کہ مشرق کی ملکہ حسن (وینس آف دی ایسٹ) مدھو بالا 36 سال کی جواں عمری میں ہی دنیا چھوڑ گئی تھیں۔ تاہم بہت مختصر فلمی کیریئر کے دوران جو شہرت انہوں نے حاصل کی وہ کم ہی لوگوں کو ملتی ہے۔بہن مدھر بھوشن کا کہنا ہے کہ ہمارا خاندان مدھو بالا کی زندگی پر فلم بنا کر انہیں اپنی یادوں میں برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ مدھر بھوشن نے بایو پک بنانے کا اعلان 2018 میں اس وقت کیا تھا جب مادام تسائو کے مومی عجائب گھر میں مدھو بالا کا مومی مجسمہ دنیا بھر کی دیگر اہم شخصیات کے ساتھ نصب کرنے کے بعد اس کا افتتاح ہوا تھا۔