امریکہ میں پاکستانی سفیر کا پاکستان اور امریکہ کے مابین ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور

0
189

واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے مابین ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان موجود ثقافتی روابط اور تعلقات دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے امریکہ کے میوزیم ، تعلیمی اور تحقیقاتی مراکز کے معروف گروپ سمتھ سونیئن انسٹی ٹیوٹ کے ایشین کلچرل ہسٹری پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر پال مائیکل ٹیلر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں ہوئی۔ دوران ملاقات سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات ت کو مزید مستحکم بنانے کے ضمن میں ثقافتی اور عوامی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ سفارتی تعلقات کی پچیترویں سالگرہ کا موقع دونوں ملکوں کے درمیان قریبی ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرنے کا شاندار موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تبادلوں کی بدولت دونوں ملکوں کی عوام کو ایک دوسرے کے نقطہ نظر اور ثقافت کو سمجھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ ڈاکٹر ٹیلر نے سفیر پاکستان کو سمتھ سونیئن ایشیئن کلچرل ہسٹری پروگرام میں موجود پاکستان اور خصوصاً کشمیر سے متعلقہ نوادرات کے حوالے سے بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی دفعہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور اس خطے کے تہذیبی ورثے پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے لوک ورثہ کے ساتھ کئی سالوں پر محیط اپنی وابستگی اور انٹرنیشنل ریسورس سنٹر اور ماٹی ٹی وی لاہور کے ساتھ جاری کاوشوں کہ جس میں وسطی اور جنوبی پنجاب پر مقامی طور پر فلمیں بنائی جا رہی ہیں کے حوالے سے بھی سفیر پاکستان کو بریف کیا۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ سمتھ سونیئن انسٹیٹیوٹ کے ساتھ امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تبادلوں اور مختلف تقریبات کے انعقاد کہ جن میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے کام کرنے کا خواہاں ہے۔ اس ضمن مین سفیر پاکستان نے سمتھ سونئین انسٹی ٹیوٹ کو دعوت دی کہ وہ پاک امریکہ سفارتی تعلقات کی 75سالہ تقریبات میں اشتراک کریں۔ ڈاکٹر ٹیلر نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور اس حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ٹیلر نے سمتھ سونیئن انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے گریجویٹ، پری ڈاکٹرل اور پوسٹ ڈاکٹر ل طلبا کیلئے مختلف فیلوشپ اور ریسرچ مواقعوں کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا