کشمیری نسل در نسل جائز ،منصفانہ حق خوداردیت کے حصول کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں،محمد شہباز شریف

0
256

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری نسل در نسل اپنے جائز ،منصفانہ حق خوداردیت کے حصول کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ،1947ء سے شروع ہونیوالی جدوجہد آج بھی جار ی ہے،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل اور استصواب رائے کے منصفانہ حق کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔یوم الحاق پاکستان پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کے عزم آزادی کو سلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو ہر سال کشمیری قراردادیوم الحاق پاکستان کے طور پر مناتے ہیں،اس تاریخی دن پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی گئی تھی،سرینگر کے مقام پر تاریخی قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری کے بعد آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بڑی جنگ آزادی لڑی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کی بے مثال جنگ کرکے ریاست کے ایک حصے کو ڈوگرہ مہاراجہ کے ظالمانہ شکنجے سے آزاد کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی 1947ء سے شروع ہونے والی جدوجہد آج بھی جار ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوج کشمیریوں کا عزم آزادی متزلزل کرنے میں ناکام رہی ہے،وقت گزرنے کیساتھ ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں بے پناہ اضافہ ہو اہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نسل در نسل اپنے جائز اور منصفانہ حق خوداردیت کے حصول کے لئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل اور استصواب رائے کے منصفانہ حق کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔