بہت ہی ناشکرے ہیں وہ جو لڑکی کیساتھ جہیز بھی چاہتے ہیں، بشریٰ انصاری

0
19

لاہور(این این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں جہیز پر قانون بننا چاہیے۔بشریٰ انصاری اکثر ہی دلچسپ وی لاگز ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر موجود اپنے چینل پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں۔اْنہوں نے حال ہی میں ایک وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں اْنہوں نے جہیز کی وجہ سے لڑکیوں اور ان کے والدین کو درپیش مشکلات کے بارے میں بات کی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ جہیز کے معاملے میں ہمارے ملک میں ابھی تک کوئی قانون نہیں بنا ہے، اس سے متعلق قانون بننا چاہیے کیونکہ لوگوں کو بیٹیوں کی شادی کے معاملے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ لوگ اپنی بیٹیوں کی اتنی محنت اور محبت سے پرورش کر کے انہیں رخصت کرتے ہیں اور ساتھ میں جہیز کے نام پر ڈھیر سارا سامان بھی دیتے ہیں اور اس کے باوجود بھی ڈرتے ہیں کہ پتہ نہیں سسرال والے ان کی بیٹیوں کو خوش رکھیں گے یا نہیں۔بشریٰ انصاری نے جہیز لینے والوں پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ بہت ہی ناشکرے ہوتے ہیں جو لڑکیوں کے ساتھ جہیز کا سامان بھی چاہتے ہیں۔