لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 53 واں یوم شہادت، مسلح افواج کا خراج عقیدت

0
18

پنڈ ملکاں’راولپنڈی (این این آئی)لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشانِ حیدر کا 53 واں یوم شہادت بدھ کو عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر پنڈ ملکاں میں ان کے مزار پر اعلیٰ فوجی افسران نے حاضری دی، فوج کے ایک چاک و چوبند دستے نے سلامی دی، مزار پر پھول چڑھائے گئے اور ان افسران نے فاتحہ خوانی اور دعا کی ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔پوری بھارتی پلاٹون کو ایک ساتھ مٹانے والے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کیلئے ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے۔علمائے کرام نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک قائم و دائم ہے، شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں، پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے مستحق ہیں، زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں، لانس نائیک محمد محفوظ شہید دھرتی کا بہادر بیٹا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے شہید لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کو 53 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 1971ء کی جنگ کے دوران لانس نائیک محمدمحفوظ شہیدنے بہادری کامظاہرہ کیا، شہیدکی قربانی پاکستان کی مسلح افواج کے ناقابل تسخیر جذبے کی مظہر ہے، شہیدکادشمن پرحملہ غیرمعمولی بہادری اور قوم کیلئے ثابت قدمی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی لازوال میراث کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہید کی میراث انفرادی کامیابیوں سے بالاتر اور اجتماعی بہادری کو روشن کرتی ہے، پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، ایسی قربانیاں ہمت اورمادروطن کے لیے اٹل عزم کو تقویت دیتی ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید دشمن کو پسپا کرتے رہے، شہید نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا دیا۔وزیرِاعظم نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید فرض شناسی اور حب وطنی کی وہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، جان تک قربان کر دینے کا جذبہ نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے، قوم کو شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔صدر مملکت آصف زرداری نے بھی لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1971 کی جنگ میں بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، شہید نے جواں مردی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، پوری قوم لانس نائیک محمد محفوظ کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کی معترف ہے۔صدر آصف زرداری کی جانب سے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کے بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی۔لانس نائیک محمد محفوظ 25 اکتوبر 1944ء کو راولپنڈی کے گاؤں پنڈملکاں میں پیدا ہوئے، اور 8 مئی 1963 کو پاکستان آرمی کی پنجاب رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی۔1971 کی جنگ میں لانس نائیک محمد محفوظ نے بھارتی پلاٹون پر حملہ کردیا اور پوری پلاٹون آناً فاناً ڈھیر کردی، جس پر انہیں سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔