کنمنگ(این این آئی) چین کے یوننان لینڈ اینڈ ریسورسز ووکیشنل کالج نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل آف پاکستان(پی وی ٹی سی) کے تعاون سے چائنہ پاکستان ریسورس اینڈ انوائرمنٹل انٹرنیشنل کالج میں 400 سے زائد طلبہ کے لیے پانچ قلیل مدتی ووکیشنل ٹریننگ سیشنز کا کامیاب انعقاد کیا ، یہ مشترکہ چین پاکستان ڈبل ڈگری ووکیشنل ایجوکیشن پروگرام کا حصہ ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق تربیت میں کام کی جگہ کے آداب، سرحد پار ای کامرس اور مالیاتی انتظام سمیت مختلف اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد مخصوص شعبوں میں پاکستانی نوجوانوں کے علم اور مہارت میں اضافہ کرنا، ان کے کیریئر کی مسابقت اور بین الثقافتی مواصلاتکی صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔ اس اقدام سے پیشہ ورانہ تعلیم اور ٹیلنٹ ڈیویلپمنٹ میں چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق 2023میں اپنے قیام کے بعد سے چائنہ پاکستان ریسورس اینڈ انوائرنمنٹل انٹرنیشنل کالج نے ارضیاتی سروے اور معدنیات کی تلاش میں 24 بین الاقوامی طالب علموں اور انجینئرنگ سروے میں 17 طلبا کو داخلہ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ٹریننگ کالج کے چائنہ پاکستان پروگرام کے تحت غیر ملکی نوجوانوں کے لیے آن لائن ووکیشنل ٹریننگ کے دوسرے مرحلے کی نمائندگی ہے جس کے بعد تربیت یافتہ شرکا کی مجموعی تعداد 800 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ایک بین الاقوامی کلاڈ ایجوکیشن پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ، ان پروگراموں کو مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جو بین الاقوامی کاروباری اداروں کی خدمتکے لئے نظریاتی اور عملی دونوں مہارتوں سے لیس ہیں۔