بچوں اور بڑوں سب ہی کی پسندیدہ شخصیت مسٹر بین 70 برس کے ہوگئے

0
21

نیویارک(این این آئی)بچوں اور بڑوں سب ہی کی پسندیدہ شخصیت مسٹر بین کی آج سالگرہ منائی جارہی ہے۔اپنی حرکتوں سے سب کو ہنسانے والے روون اٹکنسن 70 برس کے ہوگئے، ہالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار نے صرف مسٹر بین کا کردار ہی ادا نہیں کیا ان کی سنجیدہ اداکاری کوبھی بہت سراہا گیا۔مسٹر بین مشہور زمانہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری لے چکے ہیں گویا حقیقی زندگی میں مسٹر بین ایک انجینئر ہیں، روون اٹکنسن نے مختلف شوز اور فلموں میں 50 کے قریب کردار ادا کرچکے ہیں اور سب میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ویسے تو مسٹر بین کو فلموں میں اپنی زرد کار سے بے حد محبت ہے جسے وہ سفر کرنے کے علاوہ دیگر کئی کاموں میں استعمال کرتے ہیں، تاہم حقیقی زندگی میں بھی مسٹر بین کو گاڑیوں کا بے حد شوق ہے اور ان کے پاس کئی بیش قیمت گاڑیاں موجود ہیں۔مسٹر بین کے برطانوی شاہی خاندان سے بھی بے حد قریبی تعلقات ہیں، وہ اکثر و بیشتر مختلف تقریبات میں شہزادہ چارلس کی اہلیہ کمیلا پارکر کے ساتھ محو گفتگو نظر آتے ہیں جبکہ وہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی میں بطور مہمان بھی شریک تھے۔مسٹر بین کی اہلیہ سنیترا سستری برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں بطور میک اپ آرٹسٹ کام کرچکی ہیں، تاہم دونوں کے درمیان 2014 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔مسٹر بین کی ایک بیٹی بھی ہے جو نہایت ہونہار اور ذہین ہے، للی اٹکنسن گلوکارہ اور سونگ رائٹر ہیں جبکہ وہ اپنے والد کے ساتھ کئی فلموں میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔