فریقین جنگی ماحول کو مزید نہ بھڑکنے دیں، امریکی ترجمان جان کربی

0
300

واشنگٹن (این این آئی)وائٹ ہاوس نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ جنگی ماحول میں مزید شدت لانے سے گریز کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس کی طرف سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل کی طرف سے بمباری کے نتیجے میں اسلامی جہاد تنظیم کے سینئیر عسکری کمانڈر شہید ہو گئے، جس کے بعد اسرائیل اور غزہ کے درمیان تشدد بھڑک اٹھا۔وائٹ ہاوس میں نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ اس تشدد کی آگ کو بھڑکنے سے روکا جائے اور ٹھنڈا کیا جائے۔ جان کربی نے مزید کہا کہ ہم پوری سرگرمی کے ساتھ اسرائیلیوں، فلسطینیوں اور علاقے کے دوسرے شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بمباری سے بھڑکنے والی صورت حال کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔ ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تصادم کو بڑھانے سے گریز کریں۔ ترجمان نے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور اسی طرح کھڑا رہے گا۔’ ترجمان نے غزہ پر اسرائیلی بمباری سے بھڑکنے والی صورت حال کی روشنی میں کہا کہ ہم کلی طور پر اور بھر پور انداز میں اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں اسرائیل دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے اور اسرائیل کے معصوم شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کرے۔