ریاض (این این آئی)ریاض میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس میں کابینہ نے سعودی عرب میں سینئر ذمے داران اور شام میں نئی انتظامیہ کے اعلی سطح کے وفد کے درمیان ہونے والی بات چیت کے نتائج کو سراہا۔ اس موقع پر مملکت کا یہ موقف بھی دہرایا گیا کہ شام کے ان و استحکام کی حمایت اور برادر شامی عوام کے لیے انسانی امداد پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔سعودی کابینہ نے مقبوضہ فلسطینی اراضی میں صورت حال کی پیش رفت اور غزہ کی پٹی میں فائر بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا۔ مزید یہ باور کرایا گیا کہ مملکت سعودی عرب برادر فلسطینی عوام کے خلاف قابض اسرائیلی حکام کے جرائم اور بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔اجلاس میں مملکت میں شہریوں، مقیمین اور سیاحوں کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مخصوص پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔کابینہ نے گذشتہ دنوں کے دوران میں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ تعاون کے شعبوں میں مملکت کی تمام کارروائیوں کی آگاہی حاصل کی۔سعودی کابینہ نے مملکت اور جمہوریہ پیرو کے درمیان منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنڈنگ اور دیگر جرائم کے انسداد میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یاد داشت کی منظوری دی۔