واشنگٹن (این این آئی )امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات کے دوران اپنے سابق نائب صدر مائیک پینس سے مصافحہ کیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس موقع پرواشنگٹن میں سابقہ اور موجودہ امریکی انتظامیہ کی شخصیات جمع تھیں۔ ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹرمپ اور پینس کے درمیان تعلقات 2017 سے 2021 تک جاری رہنے والے ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت کے خاتمے کے بعد سے کشیدہ ہیں۔ ٹرمپ کی پہلی صدارت کے دوران پینس نائب صدر تھے۔پینس نے اس وقت ٹرمپ کے ساتھ وفاداری سے کام کیا لیکن انہوں نے چھ جنوری 2021 کو 2020 کے الیکشن میں ٹرمپ کی شکست کو الٹانے کی کوششوں میں حصہ لینے کے لیے منتخب صدر کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ پینس نے احتجاج میں حصہ نہیں لیا تھا لیکن ٹرمپ کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے کیپیٹل ہل کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔کارٹر کی آخری رسومات میں جمعرات کو پینس ٹرمپ کے پیچھے بیٹھ گئے۔ وہ جارج ڈبلیو بش اور براک اوباما سمیت سابق صدور کے ساتھ دوسری صف میں تھے۔ بائیڈن اور ان کی نائب صدر کملا ہیرس اگلی صف میں تھیں۔ٹرمپ اور پینس نے چہرے پر ہلکے تاثرات کے ساتھ مصافحہ کیا اور پینس نے سر ہلایا۔ اس کے بعد پینس نے سب کے بیٹھنے سے پہلے ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا سے مصافحہ کیا۔ جنازے کی تقریب شروع ہونے سے پہلے ٹرمپ اور اوباما نے مسلسل گپ شپ کی اور اوباما نے مسکرانے سے پہلے ٹرمپ کے جواب میں سنجیدگی سے سر ہلایا۔ پینس نے گزشتہ سال کے صدارتی انتخابات کے دوران ٹرمپ کی حمایت نہیں کی تھی۔ تاہم ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے سبکدوش ہونے والے نائب صدر کملا ہیرس کو شکست دے دی تھی۔