کرغزستان کے سفیر کی وزیر دفاع سے ملاقا ت،دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

0
201

اسلام آباد(این این آئی) جمہوریہ کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وزیر دفاع نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس دوستی کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ای سی او اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک کے تحت کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ مزید برآں، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور کرغزستان دفاعی تعاون اور کرغزستان کو دفاع سے متعلقہ مصنوعات اور مہارت کی فراہمی میں وسیع پیمانے پر تعاون کر سکتے ہیں۔سفیر نے پاکستان کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی دفاعی صنعتوں اور ان کی مصنوعات کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔دونوں نے علاقائی اور عالمی امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے اعلیٰ سطحی دوطرفہ رابطوں کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔