لاہور( این این آئی)وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن جاری ہے ،پنجاب اسمبلی میں تشدد، توڑ پھوڑ اور ماورائے قانون سرگرمیوں پر 11اراکین کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے اورپولیس قواعد و ضوابط کے مطابق سرچ وارنٹ کے ساتھ انکی گرفتاریوں کے لیے کاروائی کر رہی ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ جن پولیس افسران نے 25 مئی اور ضمنی انتخابات کے دوران اختیارات سے تجاوز کیا انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا کر کلوز کر دیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت کئی اضلاع کے افسران کو عہدے سے ہٹایا گیا،30 انسپکٹرز کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا، محکمانہ کاروائیوں کے بعد نوکریوں سے برخاست کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 ایس پیز اور 7 ڈی ایس پیز کو معطل کیا جا چکا ہے اور ان کے خلاف اعلیٰ سطحی انکوائری جاری ہے جسے ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جا رہی ہے،آئندہ کوئی بھی افسر سیاسی وفاداری کی خاطر ماورائے قانون اقدام اٹھانے کی غلطی نہ کرے، پنجاب حکومت تمام اقدامات قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اٹھائے گی۔