پی سی بی نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا

0
488

لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ممالک کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بقیہ دو میچز 9 اور 17 دسمبر کو شروع ہوں گے، یہ میچز بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پاکستان اس وینیو پر 12 میچز کی میزبانی کرچکا ہے، جس میں سے 5 میں میزبان ٹیم کو فتح اور 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس وینیو پر اب تک کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے تین میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ اْسی مقام پر کھیلا جائے گا جہاں سال 2000 میں مہمان ٹیم نے ناصر حسین کی زیرقیادت کامیابی حاصل کرکے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کی مسلسل 34 فتوحات کا سلسلہ توڑا تھا۔ اس مقام پر اب تک پاکستان کو 23 ٹیسٹ میچز میں کامیابی اور صرف 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انہیں انگلینڈکے ٹیسٹ اسکواڈ کی ایک مرتبہ پھر پاکستان میں میزبانی کرنے پر بہت خوشی ہوگی۔ آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان میں مدمقابل آنے والی دونوں ٹیموں کی کرکٹ میں بہت تبدیلی آچکی ہے۔ انہیں امید ہے کہ یہ سیریز دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے دلدادہ ناظرین کی توقعات کے عین مطابق دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگی۔ذاکر خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ فینز کو انگلینڈ کے ایلیٹ کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا نظارہ کرنے کے لیے 17 سال تک انتظار کرنا پڑا ہے گو کہ ان میں سے اکثر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان آچکے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ کسی ملک کے لیے کھیل کا اہم ترین فارمیٹ ہوتا ہے۔کلیئر کانر کے مطابق 2005 کے بعد انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کی پاکستان روانگی ایک تاریخی لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصہ بعد کرکٹ سے محبت کرنے والے پرجوش شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے ای سی بی پاکستان کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہے اور و ہ اس سیریز کے شیڈول کا اعلان کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ چیمپئن شپ میں انگلینڈ کی ٹیم ساتویں اور پاکستان پانچویں نمبرپر موجود ہے۔شیڈول کے مطابق ایک تا 5 دسمبر تک پہلا ٹیسٹ راولپنڈی،9 تا 13 دسمبر تک دوسرا ٹیسٹ ملتان اور 17 تا 21 دسمبر تیسرا ٹیسٹ کراچی میں کھیلا جائیگا ۔