ٹیلی کام سیکٹر پر عائد ٹیکس حکومت نے لگائے ،ٹیلی کام آپریٹرز نے نہیں ،چیئر مین پی ٹی اے

0
244

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر )عامر عظیم باجوہ نے کہاہے کہ ٹیلی کام سیکٹر پر عائد ٹیکس حکومت نے لگائے ،ٹیلی کام آپریٹرز نے نہیں ،ٹیلی کام سیکٹر پر زائد ٹیکس سے اگر صارفین مطمئن نہیں تو میں بھی مطمئن نہیں،ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکس کم سے کم ہونا چاہیے،صارفین غیر ضروری اور مارکیٹنگ کمپنیوں کے ایس ایم ایس کی پی ٹی اے سے شکایت ضرور کریں۔ کنزیومر کانفرنس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ٹیلی کام سیکٹر پر عائد ٹیکس حکومت نے لگائے ہیں ٹیلی کام آپریٹرز نے نہیں ، ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکس کم سے کم ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ٹیلی کام سیکٹر پر زائد ٹیکس سے اگر صارفین مطمئن نہیں تو میں بھی مطمئن نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی اے کوالٹی آف سروس کی مانیٹرنگ کے لیے ایپ لانچ کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے،صارفین غیر ضروری اور مارکیٹنگ کمپنیوں کے ایس ایم ایس کی پی ٹی اے سے شکایت ضرور کریں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ ہم سو فیصد نیک نیتی سے کام کررہے ہیں،ٹیلی کام صارفین کی جو شکایت سامنے آئے گی اس کی شکایت دور کریں گے۔ چیئر مین پی ٹی اے نے کہاکہ ہر جگہ ٹیلی کام سروس کی کوریج فراہم کرنا ممکن نہیں،یو ایس ایف فنڈ کے ذریعے دوردراز علاقوں میں ٹیلی کام سروس فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قواعدوضوابط کے اندر رہتے ہوئے صارفین کی ہر شکایت کا ازالہ کریں گے،ہم پر تعمیری تنقید کریں ہم کرپٹ نہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے کارکردگی پر سوال اٹھایا جاسکتا ہے لیکن ہم کرپٹ نہیں ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ ٹیلی کام آپریٹرز سے چائے کا ایک کپ بھی نہیں پیتا،معاشی صورتحال کے ٹیلی کام سیکٹر پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کے ساتھ مل کر ٹیلی کام سیکٹر کے چیلنجوں کے حل کے لیے کوشش کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ ہم ٹیلی کام سیکٹر کے ٹیرف کو مانیٹر کررہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ ہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی شکایات پر بھی کارروائی کرتے ہیں،اگر ٹیلی کام سیکٹر کی فنانشل سروسز کے ذریعے کوئی فراڈ ہوتا ہے تو یہ سٹیٹ بنک کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے قانون کے اندر رہتے ہوئے حاصل شدہ اختیارات کے مطابق کام کرنا ہے۔