بطور رائٹر و ڈائریکٹر جتنے اسٹیج ڈرامے کیے سب کو توقع سے زیادہ کامیابی ملی ہے ‘ نسیم وکی

0
192

لاہور ( این این آئی) معروف کامیڈین اداکار نسیم وکی نے کہا ہے کہ بطور رائٹر و ڈائریکٹر میں نے جتنے بھی اسٹیج ڈرامے کیے ہیں ان سب کو توقع سے زیادہ کامیابی ملی ہے ، میں نے فیملیوں کے لئے اسٹیج ڈرامے شروع کیے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میرے اسٹیج ڈرامے کو دیکھنے کے لئے پرستار بڑی تعداد میں آتے ہیں ۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ اب اسٹیج ڈرامہ ایک ہی ڈگر پر چل رہا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے موضوعات کو سامنے لایا جائے جس میں طنز و مزاح ، کامیڈی اور میوزک شامل ہو تاکہ دیکھنے والوں کو ایک اچھی تفریح میسر آسکے ۔ انہوںنے کہا کہ اسٹیج ڈرامے کے پلیٹ فارم سے معاشرے کی اصلاح ممکن ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ اگر اسٹیج ڈرامے میں کامیڈی کے ساتھ اصلاحی پہلو بھی رکھا جائے تو بہت سے معاملات میں بہتری آسکتی ہے اور اسٹیج ڈرامہ اس کے لئے سب سے بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ لوگوں کے چہروں میں خوشیاں بکھیرنے کے ساتھ ان کو ایک میسج بھی دوں اور خوش قسمتی سے میں اس میں کامیاب بھی رہا ہوں ۔ اپنے طور پر مجھ سے جو بھی ممکن ہو سکتا ہے میں بہتر سے بہتر ڈلیور کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔