بھارت سلامتی کونسل کی رکنیت کا اہل نہیں،منیر اکرم

0
437

نیویارک(این این آئی)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی)میں نئے مستقل ممبران کو شامل کرنے کے بارے میں اپنی مخالفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت 15 رکنی ادارے میں کسی نشست کے لیے اہل نہیں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے)سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر منیر اکرم نے بھارت کے حوالے سے ایک واضح حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک نے آزادی کے بعد سے اب تک 20 جنگیں لڑی ہیں اور خطے خصوصا پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام کو ہوا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید اور واضح ثبوت ہیں۔پاکستانی مندوب نے 193 رکنی جنرل اسمبلی میں سکیورٹی کونسل اصلاحات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو زیادہ جمہوری ذمہ دار اور شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں عوام کی جائز جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لئے 9 لاکھ سے زیادہ فوجی تعینات کر رکھے ہیں