ملکی حالات خطرناک ، معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، اسد عمر

0
255

کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ ملکی حالات خطرناک ہیں، معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، یہ مہنگائی ختم کرنے آئے تھے مگر ساری توجہ اپنے کیسز ختم کرانے پر ہے، شہباز شریف کے انٹرویو سے عالمی منڈی میں ری ایکشن آیا اس سے ہماری معیشت کیلئے مسائل کھڑے ہو گئے۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر نے کراچی میں سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حالات اس وقت خطرناک ہیں، ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، یہ تو مہنگائی ختم کرنے آئے تھے لیکن ان کی ساری توجہ اپنے کیسز ختم کرانے پر ہے، سمجھ نہیں آتا ان کو کیوں بٹھایا ہوا ہے؟ شہباز شریف کے انٹرویو سے عالمی منڈی میں ری ایکشن آیا اور اس سے ہماری معیشت کیلئے مسائل کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی تباہی اسحاق ڈار کی وجہ سے ہوئی لیکن آج اسی اسحاق ڈار کو شائد منی لانڈرنگ کیلئے دوبارہ واپس لایا جا رہا ہے، معیشت کے حالات خراب ہیں اور ہم چاہتے ہیں ملک میں مزید افراتفری نہ پھیلے، پیپلز پارٹی کی سندھ کی حکومت نا اہل اور کرپٹ ہے۔اسد عمر نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، تاریخی مہنگائی کے ساتھ ملک میں بدترین بیروزگاری بڑھ رہی ہے، اگر کچھ ختم ہو رہا ہے تو وہ ان کے کیسز ہیں، حکمرانوں کے سینکڑوں اربوں روپے کے کیسز ختم ہوتے جا رہے ہیں اور ان کی نااہلیوں کی قیمت عوام کو دینی پڑ رہی ہے، یہ فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے کہ پاکستان کو ڈوبتا دیکھتے رہیں یا جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کرکے حکومت کو پیغام دیں گے کہ بس اب بہت ہوگیا۔