وزیر اعظم کا عام انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ لانے کا اعلان

0
400

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے عام انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز کیلئے پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم کا بل پیش کریں گے، دوسری جماعتیں بھی ہمارے ساتھ ملکر بل پاس کرائیں ،چاہتے ہیں اگلا الیکشن بشمول آزاد کشمیر اور سینیٹ ایسا ہو کہ ہارنے والا ہار تسلیم کرے،اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی ایک سسٹم لے کر آ رہے ہیں جس کے بعد الیکشن کے عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں گے ،گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔منگل کو انتخابی عمل کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ جو ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو عبوری صوبائی درجہ دینا تھا اور وہ اس لیے دینا تھا کہ وہاں احساس محرومی تھی، لوگ سمجھتے تھے کہ وہ پاکستان کے برابر کے شہری نہیں ہیں، میں آپ کو آج یقین دلاتا ہوں کہ ہم وہ وعدہ پورا کریں گے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم اس حوالے سے مکمل تفصیلات عوام کو فراہم کریں گے کہ گلگت بلتستان کو کس طرح عبوری صوبائی درجہ دیا جائے گا۔وزیر اعظم نے انتہائی ٹھنڈ کے باوجود دور دراز کے علاقوں سے جوق در جوق انتخابی عمل میں شرکت کرنے والے گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نے کہاکہ ایک الیکشن 2013 میں ہوا تھا اور اس کے اختتام پر ساری سیاسی جماعتوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، الیکشن جیتنے والی (ن )لیگ نے بھی کہا کہ سندھ میں دھاندلی ہوئی ہے اور پیپلز پارٹی نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کا الیکشن تھا اور سب جماعتوں نے الیکشن کو متنازع قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ 2013 کے الیکشن میں 133 لوگوں نے کہا کہ الیکشن میں بے ضابطگیاں یا دھاندلی ہوئی اور ان میں سے تحریک انصاف نے کہا کہ 4 قومی اسمبلی کے حلقوں کو کھول دیں حالانکہ ان چار حلقوں سے حکومت تو نہیں بننے لگے تھی نہ ہی ہم اقتدار میں آنے لگے تھے، یہ ہم نے اس لیے کہا کہ ان چاروں حلقوں کے آڈٹ کے ذریعے پتہ چل جائے گا کہ الیکشن میں کیا ہوا ہے۔