عوامی شکایات کے فی الفور ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں’ چودھری پرویز الٰہی

0
373

لاہور( این این آئی)وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلی شکایات سیل کے چیئرمین زبیر احمد خان نے ملاقات کر کے شکایات سیل کی کارکردگی اورعوامی شکایات کے ازالے کے بارے میں کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فی الفور ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،شکایات سیل میں آنے والی درخواستوں کو جلد ازجلد نمٹایاجائے، عوامی شکایات کے حوالے سے درخواستوں کو مقررہ وقت کے اندرحل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابقہ دور میں عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے جامع پلان آف ایکشن بنایاجائے ۔عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کرکے انہیں ریلیف دیں۔شکایت کے اندراج سے ازالے تک پورا سسٹم آن لائن ہونے سے درخواست گزار کو بہت ریلیف ملے گا۔شکایات کے ازالے کیلئے ہونے والی پیشرفت کے ہر مرحلے سے درخواست گزار کو اپ ڈیٹ رکھا جانا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ایسے عناصر کے خلاف قانونی ایکشن سے ناصرف جھوٹی درخواستیں دینے والوں کو سزا ملے گی بلکہ ادارے کا وقت بھی بچے گا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شکایات پر فوری ایکشن سے عوام کی دادرسی ہماری ذمہ داری ہے۔زبیر احمد خان نے راولپنڈی میں عوامی شکایات پر مقرر کردہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے زبیر احمد خان کی کارکردگی کو سراہا۔