ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران سے ماضی میں طے شدہ مشترکہ جامع لائحہ عمل کے نام سے جوہری سمجھوتے میں کی گئی غلطیاں نہیں دہرائے۔وہ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن سے مخاطب تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے انتیسویں عرب امریکی پالیسی ساز کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب صدر(جوبائیڈن)پہلی ڈیل کی غلطیوں اور اسقام کو دہرائیں نہیں۔کسی غیر جامع سمجھوتے سے ہمارے خطے میں پائیدار امن وسلامتی کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں جولائی 2015 میں جب چھے عالمی طاقتوں کا ایران سے جوہری سمجھوتا طے پایاتھا تو اس وقت جوزف بائیڈن ان کے نائب صدر تھے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018 میں اس سمجھوتے سے یک طرفہ دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا اور ایران کے خلاف دوبارہ اقتصادی پابندیاں عاید کردی تھیں۔جوزف بائیڈن نے اپنی حالیہ انتخابی مہم کے دوران میں ایران کیساتھ طے شدہ اس جوہری سمجھوتے میں بعض شرائط کے ساتھ دوبارہ شامل ہونے کے اعلانات کیے ہیں