نیٹو کا روسی فوج سے ٹکرائوتباہی کا سبب بن سکتا ہے،پیوٹن

0
238

آستانہ(این این آئی)روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو فورسز نے یوکرین میں براہ راست روسی فوج کے ساتھ لڑائی کی تو پھر عالمی سطح پر تباہی ہو گی۔قازقستان کے شہر آستانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا نیٹو فورسز کا کسی بھی سطح پر روسی فوج کے ساتھ براہ راست ٹکرا بہت ہی خطرناک اقدام اور عالمی سطح پر تباہی کی وجہ بن سکتا ہے، مجھے امید ہے کہ جو لوگ اس قسم کی باتیں کر رہے ہیں وہ اتنے سمجھدار ہیں کہ وہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے۔اس سے قبل روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے یہ بھی کہا تھا کہ روس کی سلامتی کے لیے جوہری ہتھیار بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔اس حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا جب روس کے صدر جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی بات کر رہے ہوتے ہیں تو وہ مذاق نہیں کر رہے ہوتے بلکہ اگر یوکرین میں روسی افواج کی پسپائی کا سلسلہ جاری رہا تو پیوٹن اس پر عمل بھی کر سکتے ہیں تاہم امریکا ماسکو کے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے طریقے کو جاننے کی کوشش کر رہا ہے۔