آزادکشمیر میں سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر متحد اور یکجان ہے ،صدر آزاد کشمیر

0
306

واشنگٹن (این این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر متحد اور یکجان ہے اسی طرح میری خواہش ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت بھی مسئلہ کشمیر اور ایٹمی پالیسی پر متحد و متفق ہو کیونکہ ہم کشمیریوں کی ہمیشہ خواہش رہتی ہے کہ پاکستان مستحکم ہو اور ایک مستحکم اور مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ 27اکتوبر کو واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں کشمیری اور پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیں کہ کشمیری بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ اور غاصبانہ قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور ہماری یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا۔ میں نے 2014سے لے کر 2018تک لندن، نیویارک، برسلز، ڈبلن اور برلن میں ملین مارچز کیے اور جس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں خاصی تقویت ملی۔ لہذا میں امریکہ میں بسنے والے کشمیری اور پاکستانیوں سے اپیل کروں گا کہ وہ 27اکتوبر کو بھارتی سفارتخانے کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں شریک ہو کر اپنی ملی بیداری کا ثبوت دیں اور بھارت کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج یہاں امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میںمقامی اور عالمی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ ممتاز کشمیری رہنماء ڈاکٹرغلام نبی فائی، سید آفتاب شاہ، سردار زبیر، مقصود چغتائی، راجہ علی، راجہ بنارس اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ممتاز کشمیری رہنماء ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان جو بھی مذاکرات ہوں اُن میں مذاکرات کی میز پر کشمیری عوام کو بھی شامل کیا جائے تاکہ کشمیری عوام اپنی مرضی اور منشاء کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 75سال سے اقوام متحدہ کے چارٹر پر حل طلب مسائل میں موجود ہے لہذا اقوام عالم کو کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا رول ادا کرنا چاہیے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام ایک مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں کیونکہ بھارت کے ظلم و جبر کی انتہاء ہو چکی ہے اور بھارت آئے روزنت نئے طریقوں سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ بھارت اپنی نولاکھ فوج کے ذریعے جتنے مرضی مظالم ڈھا لے وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا اور مقبوضہ کشمیر انشا ء اللہ جلد بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزاد ہو کر رہے گا۔ لہذا امریکہ میںآباد تارکین وطن 27اکتوبر کو واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں شریک ہو کر جہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں وہاں پر دنیا کو یہ باور کرا دیں کہ کشمیری کسی صورت بھارت کے ظالمانہ اور جابرانہ قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔