راولپنڈی میں پی ٹی آئی دھرنے کا تیسرا روز، ٹویفک جام ،جڑواں شہروں کے مکین پریشان

0
304

راولپنڈی(این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے خلاف راولپنڈی میں احتجاجی دھرنا تیسرے روز میں داخل ہوگیا ، جس میں کارکنوں نے کئی راستے بند کردیئے ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے کے خلاف اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی مری روڈ سمیت مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کارکنان نے تیسرے روز بھی احتجاج کیا ۔ مختلف مقامات پر جاری مظاہروں کی وجہ سے مری روڈ، پیرودھائی موڑ، گلزار قائد اولڈ ائرپورٹ روڈ ،سرائے کال چوک ٹیکسلا ،رتہ شاہ چوک مارگلہ ،موٹر وے ایم ٹو، اسلام آباد لاہور ٹول پلازہ کے قریب سے بند کیے گئے ۔مظاہرین نے سواں پل ایس او ایس ویلج کے قریب بھی راولپنڈی کی جانب والے راستے کو بند کررکھا ہے جب کہ ٹریفک کو سڑک کے ایک جانب سے گزارا گیا، سڑکیں اور راستے بند ہونے کے باعث مری میں ٹریفک کا نظام تیسرے روز بھی شدید متاثر ہوا۔یوم اقبال کی عام تعطیل کے باعث تعلیمی ادارے اور سرکاری و نجی دفاتر بند رہے تاہم روز مرہ کے معمولات زندگی کے لیے جڑواں شہروں میں آمد رفت کے لیے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا۔دوسری جانب جی ٹی روڈ سواں پل کے قریب پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث مال بردار گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس سے مسافر گاڑیوں سمیت دیگر ٹریفک بھی جام ہوگیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہم سے پوچھا جا رہا ہے کہ آپ کی ہی حکومت ایف آئی آر نہیں کٹوا رہی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار پر عدم اعتماد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پنجاب کے لیے 3 نام دیے ہیں، وفاقی حکومت کہہ رہی ہے کہ فیصل شاہکار ہی آئی جی رہیں گے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پرویز الہٰی نے جو 3 نام دیے وفاقی حکومت ان میں سے ایک شخص کو آئی جی پنجاب لگائے۔انہوںنے کہاکہ احتجاج اور دھرنے کے لیے ہم نے 72 گھنٹے کی کال دی تھی، پارٹی قیادت جو کال دے گی ہم اس کے مطابق عمل کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے آج تک فوج کے خلاف بات نہیں کی، ہمارے چیئرمین نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی ان کا مسئلہ نہیں ہے۔