کابل/اسلام آباد (این این آئی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتی حکام پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ناظم الامور کا گارڈ زخمی ہوگیا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کابل میں سفارتی حکام پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات اور اس بزدلانہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب ناظم الامور چہل قدمی کر رہے تھے،فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سفارتی ذارائع کے مطابق گولی پاکستانی ناظم الامور کو چھوتے ہوئے انکے گارڈ کو لگی اور ایس ایس جی گارڈ زخمی ہوگیاجنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔سفارتی ذرائع کے مطابق گارڈ کو سینے میں تین گولیاں لگیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز پاکستانی سفارتخانے میں چھٹی کے باعث رش نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ناظم الامور اور دیگر حکام کو وقتی طور پر وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بیان میں کابل میں پاکستانی سفیر پر حملے کی شدید مذمت کی ۔انہوںنے ایک ٹوئٹ میں اس سکیورٹی گارڈ کو خراج تحسین پیش کیا جن کو گولی لگی تاہم انہوںنے سفیر کی زندگی بچائی ۔ شہبازشریف نے زخمی سکیورٹی گارڈ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔انہوںنے واقعہ کی فوری تحقیقات اور اس بزدلانہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔