وزیراعظم کی اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت ،رپورٹ طلب کر لی

0
175

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔وزیراعظم نے زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہاکہ الحمدللہ! قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے بے گناہوں کا خون بہانے کا بڑا اور مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کو غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کرکے رہیں گے۔وزیراعظم نے شہید عدیل حسین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔