طالبان افغان لڑکیوں اور خواتین کیخلاف پالیسیاں فوری ختم کریں، اقوام متحدہ

0
312

نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے کمشنر وولکر ترک نے کہاہے کہ طالبان افغان لڑکیوں اور خواتین کے خلاف پالیسیاں فوری ختم کریں، کوئی بھی ملک اپنی نصف آبادی کو نکال کر معاشی اور سماجی ترقی نہیں کرسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ افغان خواتین اور لڑکیوں پر پابندیوں سے افغانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کا کہنا تھا کہ افغان خواتین اور لڑکیوں پر پابندیاں افغان سرحد سے پار بھی خطرے کا سبب بننے کا خدشہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں افغان معاشرے کو غیرمستحکم کریں گی اور نہ صرف افغان خواتین بلکہ تمام افغانوں کے لیے خطرناک نتائج کا سبب بنیں گی۔وولکر ترک نے طالبان حکام سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور احترام یقینی بنائیں اور افغان خواتین اور لڑکیوں کو سماجی، سیاسی اور معاشی شعبوں کا حصہ بنایا جائے۔طالبان نے حالیہ دنوں میں افغان لڑکیوں کی اعلی تعلیم پر پابندی لگانے کے بعد خواتین کو قومی اور بین الاقوامی فلاحی تنظیموں میں کام کرنے سے بھی روک دیا۔