افغان طالبان کی مقامی سطح پر تیار کردہ سپر کار کی نقاب کشائی

0
443

کابل(این این آئی )افغان طالبان کی قیادت میں آٹوموبائل بنانے والی مقامی کمپنی اینٹاپ نے ملک میں مقامی سطح پر تیار کردہ پہلی سپر کار Mada 9 کی نقاب کشائی کر دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹاپ اور مقامی افغانستان ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (ATVI) کے 30 سے زائد انجینئرز کی ایک ٹیم نے نصف دہائی سے زائد عرصے اس ہاتھ سے تیار کردہ گاڑی کو مکمل کرنے کے لئے صرف کر دئیے۔ اس گاڑی میں استعمال ہونے والا 4 سلنڈر انجن وہی طاقت رکھتا ہے جو ٹویوٹا کرولا کی ہوتی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ اس گاڑی کا انجن پیچھے کی جانب نصب کیا گیا ہے۔اس گاڑی کی نقاب کشائی طالبان حکومت کے وزیر برائے اعلی تعلیم عبدالباقی حقانی نے اینٹاپ کے صدر دفتر میں کی۔اس موقع پر وزیر برائے اعلی تعلیم عبدالباقی حقانی کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی طالبان حکومت کی جانب سے عوام کو جدید مذہب کے ساتھ علوم مہیا کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔تاہم اینٹاپ کے سی ای او محمد ریاض احمدی کا کہنا ہے کہ جلد اس گاڑی کو عالمی منڈی میں پیش کیا جائے گا لیکن اس سے قبل ابتدائی طور پر اس گاڑی کو مقامی سطح پر آزمائش کے بعد افغانستان میں فروخت کے لئے پیش کیا جائے گا۔ تاہم ابھی اس کی لانچ کی تاریخ کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔