اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اورکویت کے درمیان مشترکہ مفاد پرمبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے دل صدیوں سے ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان اور کویت کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں،پاکستان میں گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران کویت نے پاکستان کی مدد کیلئے اہم کردار ادا کیا، کویت نے 2005کے زلزلے کے بعد پاکستان میں امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، پاکستانی فورسز نے خلیجی جنگ کے بعد کویت میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں پاکستان اورکویت کے سفارتی تعلقات کی60ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام وزارت خارجہ اور کویت کے سفارتخانے نے مشترکہ طور پرکیا تھا۔ تقریب میں وزیرمملکت حنا ربانی کھر کے علاوہ پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جے المطیری، سیکرٹری خارجہ ڈاکٹراسد مجید خان، اسلام آباد میں متعین غیرملکی سفارتکاروں، وزارت خارجہ کے افسران، تاجروں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اوردیگراہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیرمملکت حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران کویت نے پاکستان کی مدد کیلئے اہم کردار ادا کیا، پاکستان اورکویت تاریخ، جغرافیہ اور دلوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور گہرے تعلقات قائم ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اورکویت کے60سالہ سفارتی تعلقات کی تقریبات کاآغاز گیاہے، دونوں ممالک تجارت اور اقتصادی شعبہ میں تعلقات کو فروغ دیں گے، پاکستان اورکویت نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویت نے 2005کے زلزلے کے بعد پاکستان میں امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، پاکستانی فورسز نے خلیجی جنگ کے بعد کویت میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ کویت کی طرف سے ویزا میں سہولت سے پاکستانی تاجروں کو فائدہ ملے گا، ہم تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں