فلم ہوئے تم اجنبی کی تعارفی تقریب ، فنکاروں اور سیاستدانوں کی شرکت

0
374

کراچی (این این آئی)ہدایت کار کامران شاہد کی نئی پاکستانی فلم ہوئے تم اجنبی کے شاندار میوزک کی تعارفی تقریب کا اہتمام کراچی کے مقامی سینماء گھر میں کیا گیا، جس میں شوبز کے چمکتے ستاروں سمیت اہم سیاسی شخصیات اور شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر باصلاحیت ہدایت کار اور سکرپٹ رائٹر کامران شاہد کے علاوہ اداکار سہیل احمد ، علی خان، شمعون عباسی، محمود اسلم، فیصل قریشی، جاوید شیخ اور فلم کے ہیرو میکال ذوالفقار بھی موجود تھے۔ میڈیا وال پر موجود فوٹوگرافرز اور کیمرہ مین اپنے کیمروں کے ذریعے ان کی تصاویر اور ویڈیوز بناتے نظر آرہے تھے۔بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر کا گایا ہوا فلم کا ٹائٹل سونگ ہوئے تم اجنبی کی ویڈیو حاضرین کو دکھائی گئی ۔بین الاقوامی شہرت یافتہ بانسری کے ماہر اور میوزک کمپوزر باقر عباس کے کمپوز کردہ اس گانے کو علی ظفر جیسے شاندار گلوکار نے اپنی سریلی آواز میں پیش کیا۔ٹائٹل گانے کی ویڈیو کے بعد فلم کی 13منٹ کی جھلکیاں پیش کی گئیں، جس میں فلم کے دلچسپ سین کے ساتھ ساتھ دو مزید گانوں کی جھلکیاں بھی شامل تھیں۔ اس رومانوی داستان میں صوفیانہ موسیقی کی ملکہ عابدہ پروین، باقر عباس، ساحر علی بگا، نجات اور نوید ناشاد جیسے لیجنڈز کی دل کو چھو لینے والی موسیقی کے 11 شاہکار گیت پیش کیے گئے۔ علی ظفر کے علاوہ عابدہ پروین اور عاصم اظہر نے فلم میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ فلم کی جھلکیوں کے بعد ہال کے ریڈ کارپٹ ایریا میں فلم کے نمایاں ستارے اور دیگر عملہ میڈیا کی جانب سے کیے گئے سوالوں کے جواب دینے کے لیے موجود تھا۔شاہد فلمز کی پروڈیوس کردہ ستاروں سے سجی محبت بھری یہ رومانوی داستان پاکستان اور بھارت کے درمیان 1971 کے منفرد اور تاریخی پس منظر میں فلمائی گئی ہے۔