بلوچستان میں کانسٹیبلری کے ٹرک کے نزدیک دھماکا، 9 اہلکار شہید، 13 زخمی

0
1341

بولان (این این آئی)ضلع بولان میں کنبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے نزدیک خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ،13 زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی نے بتایا ہے کہ ضلع کچھی اور سبی باڈر کے قریب بولان کے علاقے کنبڑی میں بلوچستان کانسٹیبلری پولیس کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹرسائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے کیا ہے جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں، بم ڈسپوزل اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر داخلہ کی جانب سے انتظامیہ کو زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں پوری معاونت کرے گی، بزدلانہ کارروائیوں سے صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کاروائیوں سے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں، بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال اور ملک کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دعا ہے کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔