جی سی سی،امریکا اجلاس؛ خطے میں استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون پر زور

0
323

واشنگٹن(این این آئی)تزویراتی شراکت داری پر خلیج تعاون کونسل اور امریکا کے مشترکہ وزارتی اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے خطے میں استحکام، خوش حالی اور پھلتی پھولتی معیشت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف فریقوں کے درمیان تعاون برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جی سی سی کے رکن ممالک اور امریکا نے سعودی دارالحکومت الریاض میں اجلاس کے انعقاد کے ایک روز بعدایک مشترکہ بیان جاری کیا ۔اس میں مختلف امور پر سمجھوتوں کا اعلان کیا گیا ۔اس اجلاس میں جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ بشمول سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے شرکت کی۔شرکا نے گذشتہ وزارتی اجلاسوں اور جولائی 2022 میں منعقدہ جدہ سربراہ اجلاس کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مختلف شعبوں میں مشاورت، ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے۔طرفین نے امریکا، جی سی سی کونسل اور ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان شراکت داریوں کا مقصد مشرق اوسط میں امن، سلامتی، استحکام، انضمام اور معاشی خوش حالی کو یقینی بنانا ہے۔اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ نے خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ کوششیں سفارتی ذرائع سے کی جاناچاہییں۔وزرا نے علاقائی انضمام اور باہمی رابطے کو بڑھانے اور علاقائی استحکام اور خوش حالی میں کردار ادا کرنے میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔اجلاس کے شرکا نے جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو برقرار رکھنے اور خطے کی آبی گذرگاہوں میں جہازوں کی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے وزرا نے کو الریاض میں سعودی عرب کی میزبانی میں داعش کو شکست دینے کے عالمی اتحاد کے اجلاس کا خیرمقدم کیا اور دنیا بھر میں دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارت میں خطے کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی سلامتی کے لیے امریکا کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔جی سی سی اور امریکا کے درمیان تزویراتی شراکت داری کے ضمن میں وزرائے خارجہ نے تعاون اور ہم آہنگی برقرار رکھنے اوردفاعی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وقتا فوقتا ورکنگ گروپوں کے اجلاس بلانے پر اتفاق کیا اور اس سال کے آخر میں جی سی سی اور امریکا کے مربوط فضائی اور میزائل دفاعی اور سمندری سلامتی کے ورکنگ گروپوں کا ایک اور دور منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔اپنے مشترکہ بیان میں وزرائے خارجہ نے ایران، یمن، شام، عراق، اسرائیل، فلسطین تنازع اور یوکرین اور روس کے درمیان جنگ جیسے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا